Waters of Life

Biblical Studies in Multiple Languages

Search in "Urdu":
Home -- Urdu -- John - 086 (The Holy Trinity descends on believers)
This page in: -- Albanian -- Arabic -- Armenian -- Bengali -- Burmese -- Cebuano -- Chinese -- Dioula? -- English -- Farsi? -- French -- Georgian -- Greek -- Hausa -- Hindi -- Igbo -- Indonesian -- Javanese -- Kiswahili -- Kyrgyz -- Malayalam -- Peul -- Portuguese -- Russian -- Serbian -- Somali -- Spanish -- Tamil -- Telugu -- Thai -- Turkish -- Twi -- URDU -- Uyghur? -- Uzbek -- Vietnamese -- Yiddish -- Yoruba

Previous Lesson -- Next Lesson

یُوحنّا کی اِنجیل - نُور تاریکی میں چمکتا ہے

کتابِ مقُدّس میں مُندرج، یُوحنّا کے مطابق مسیح کی اِنجیل پر مبنی سِلسِلۂ اسباق

حِصّہ سوّم : رسُولوں کے حلقہ میں نُورچمکتا ہے (یُوحنّا ۱۱: ۵۵۔۱۷: ۲۶)٠

ج : بالا خانہ میں الوداعی پیغام ( یُوحنّا ۱۴: ۱۔۳۱)٠

۔۲ : مددگار کی معرفت مقدّس تثلیث کا معتقدوں پر نازل ہونا ( یُوحنّا ۱۴: ۱۲۔۲۵)٠


یُوحنّا ۱۴: ۱۲
۔۱۲ میں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ جو مُجھ پر ایمان رکھتا ہے، یہ کام جو میں کرتا ہُوں، وہ بھی کرے گا بلکہ اِن سے بھی بڑے کام کرے گا کیونکہ میں باپ کے پاس جاتا ہُوں۔

خدا کا عرفان کوئی فلسفہ یا منطق نہیں ہے۔تمام دماغی علم ہوا ہو جاتا ہے لیکن عرفانِ اِلٰہی خدا کی محبّت کا اور بیٹے کی نجات کا علم ہوتا ہے۔اس کے معنی خدمت کرنے کی آزادی ہوتے ہیں۔مسیح نے اپنے شاگردوں کو ایک نیا حکم دیا: " اپنی زندگی میں اپنے اعمال اور کارنامے، دعاؤں کے سہارے سے ایزدی محبّت میں عمل میں لانا۔"جب شاگردوں کو یقین ہو گیا کہ یسُوع اُنہیں چھوڑ کر جائیں گے تو اُنہوں نے آپ سے مزید تحفُّظ اور خدا کے عرفان کا مطالبہ کیا۔لیکن مسیح نے اُنہیں باپ میں قائم کیا تاکہ وہ دنیا کو اِنجیل کا پیغام سنانے کے قابل بنائے جا سکیں۔

زیادہ اہم بات اُن کی اپنی عارضی فکر و التفات نہ تھی بلکہ اُنہیں ایزدی خدمت کے لیے تیار کرنا تھا۔باپ اور بیٹے کا عرفان ہمیں خود فرضی سے بچاتا ہے اور ہمیں مخلص خدمت کرنے کی رغبت دلاتا ہے۔ یسُوع نے کہا تھا:"جو کوئی مُجھ پر اعتماد رکھتا ہے وہ کام کرتا ہے، محض بکواس نہیں کرتا بلکہ قربانی کی راہ پر چلتا ہے۔یہاں تک کہ معتقد نفس کُشی کرکے خدا کے بیٹے، مسیح کی تمجید کرتا ہے جو مرُدوں میں سے جی اُٹھا اور اُس میں کام کرتا ہے اور اُسی پر آسمانی برکتیں نازل کرتا ہے۔ایسے ایمان کے ساتھ، پاک رُوح کے نازل ہونے کے بعد رسُول، یسُوع کے نام سے لوگوں کو شفا دے سکے، اُن کے گناہوں کو معاف کر سکے اور مرُدوں کو جِلا سکے۔ اُنہوں نے نفس کُشی کی اور مسیح اُن میں قیام کرتے رہے۔اُنہوں نے یسُوع سے اپنے جسم و جان سے محبّت کی اور اپنے چال چلن سے آپ کو جلال پہنچاتے رہے۔

اِن پاک خدمات کے علاوہ مسیح نے اُنہیں وہ کام انجام دینے کے لیے بھیجا جنہیں آپ زمین پر اپنے مختصر قیام کے دوران پورا نہ کر پائے تھے۔آپ کے آسمانی صعود کے بعد آپ نے اپنے پاک رُوح کو بھیجا تاکہ اُن کی تبلیغ کے باعث کئی لوگ نجات پاتے اور جس طرح طلوعِ آفتاب کے وقت اوس کے قطرے گرتے ہیں اسی طرح باپ کے فرزند پیدا ہوں۔ ہماری دوبارہ جی اُٹھے ہُوئے مسیحِ مصلوب کے حق میں دی ہُوئی گواہی سے بہتر اور معقول کوئی اور شَے ہو نہیں سکتی۔اِس گواہی پر ایمان لاکر لوگ ابدی زندگی پاتے ہیں۔جو لوگ مسیح میں قائم رہتے ہیں اُن پر پاک رُوح نازل ہوتا ہے اور اُنہیں خدا کے فرزند بنا دیتا ہے تاکہ وہ راستبازی سےعمر بھر اپنے آسمانی باپ کی تمجید کرتے رہیں۔

یُوحنّا ۱۴: ۱۳۔۱۴
۔۱۳ اور جو کچھ تُم میرے نام سے چاہوگے، میں وہی کروں گا تاکہ باپ بیٹے میں جلال پائے۔ ۱۴ اگر میرے نام سے مُجھ سے کچھ چاہوگے تو میں وہی کروں گا۔

کیا تُم دعا کرتے ہو؟اپنی دعاؤں میں تُم اپنی پریشانیوں اور گناہوں کے لیے کتنا وقت دیتے ہو؟اور خدا کی تمجید اور دوسروں کی خدمت میں کتنا وقت صرف کرتے ہو؟ کیا تُم اپنی دعاؤں میں خودغرضی سے کام لیتے ہو یا تمہاری دعائیں خدا اور کھوئے ہُوئے لوگوں کے لیے اظہارِ محبّت سے لبریز ہوتی ہیں؟

کیا خدا کی محبّت کے باعث تمہاری دعاؤں میں ایسی کوئی تبدیلی آئی ہے جس کی بدولت تُم اپنے دشمنوں کے لیے برکت چاہتے ہو؟ کیا تمہاری دعائیں دعائے رباّنی کے مطابق ہوتی ہیں؟یا تُم کچھ لوگوں سے نفرت کرتے رہتے ہو اور اُن کی خطائیں بخش نہیں دیتے۔

اگر تُم مسیح کے نام سے دعا کروگے تو تُم آپ کی رُوح کے مطابق جیوگے اور اسی کے مطابق سوچا بھی کروگے جیسا کہ یسُوع چاہتے ہیں اور تمہارا دل دردمند خیالات سے معمور ہو جائے گا۔

مسیح ایسا وعدہ کرتے ہیں جس میں آسمانی قوّتیں اور برکتیں ہُوا کرتی ہیں۔آپ اس وعدہ کے ساتھ ایک شرط ملحق کردیتے ہیں: " اگر تُم میرے کلام کو قبول کرلوگے تاکہ وہ آپ میں تبدیلی لائے تو میں تُم میں مضبوط اورعظیم بن کر رہُوں گا اور میں تمہارے ایمان اور دعاؤں کی بدولت کئی لوگوں کو بداخلاقی سے بچاؤں گا۔جب بھی تُم پاک رُوح کی ہدایت کے مطابق دعا کروگے اور مُجھ پر ایمان لاؤگے، میں براہِ راست اُس دعا کا جواب دُوں گا"۔

بھائیو! شکرگزاری کے ساتھ اُس کلید کے متعلق سوچو جو یسُوع نے تمہارے ہاتھ میں رکھی ہے اور دعا کے ذریعہ آسمانی خزانے کھولو۔"میں تمہارے پڑوسیوں اور دوستوں پر برکتوں، نجات اور عرفان الٰہی اور توبہ و مدد کے ساتھ اُتر آؤں گا۔" یسُوع سے استدعا کرو کہ آپ تمہاری قوم میں سے غلاموں کو چُن کر اُنہیں خدا کے فرزند بنائیں۔دعا کرنے میں اُکتایا نہ کرو، تمہارا ایمان بہتوں کی نجات کا ذریعہ ہے۔جب تُم دعا کرو تو یقین رکھو کہ خدا تمہیں جواب دے گا اور جواب ملنے سے پہلے ہی خدا کا شکربھی ادا کرو۔اپنے بھائی اور بہنوں کو اپنے ساتھ دعا اور ایمان میں شامل کر لو۔خدا کی توصیف اور عبادت کرنے میں سُستی نہ برتو۔ دعا کرو کہ خدا تُم پر دعا کرنے کی رغبت دینے والی رُوح اُنڈیل دے۔اگر تمہیں محسوس ہوتا ہو کہ یسُوع تمہاری دعا کا جواب نہیں دے رہے تو توبہ کرو اور اپنے گناہوں کا اقرارکرلو اور اس طرح دعاؤں کی رسائی میں حائل رکاوٹوں کو توڑ ڈالوتاکہ یسُوع تُم کو پاک و صاف کردیں۔یسُوع تُم کو آسمان کی معموری زمین پر لانے کا اختیار بخشیں گے۔ جب تُم ایمان کے ساتھ دعا کرنا شروع کرتے ہو اور گواہی دیتے ہو تب تُم خدا، بیٹے اور پاک رُوح کو جلال دیتے ہو۔

دعا: خداوند یسُوع!ہمیں دعا کرنے کی رُوح عنایت کیجیے تاکہ ہم اپنے بارے میں نہ سوچیں بلکہ اپنے آشناؤ ںاور ناآشناؤں کے بارے میں سوچیں۔ ہمیں دعاگو معتقد بنائیے تاکہ آپ ہمارے خویش و اقارب کو نجات دے سکو۔میں آپ کی تمجید کرتا ہُوں؛ آپ نے ہمارے لیے جنّت کے دروازے کھول دیے ہیں اور ہم پر اپنی نعمتیں اور فیض نچھاورکیے ہیں۔متعدد رُوحانی اولاد کی پیدایش سے آسمانی باپ کے نام کو جلال ملے اور اُن فرزندوں کے نیک چال چلن اور رُوح کی قدرت سے آپ کےنام کی تقدیس ہو۔

سوال ۹۰۔ دعا کا جواب ملنے کے لیے پہلی شرط کون سی ہے؟

www.Waters-of-Life.net

Page last modified on April 08, 2012, at 07:42 AM | powered by PmWiki (pmwiki-2.3.3)